وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر رسمی ملاقات

نیویارک میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں بات چیت کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی باضابطہ ملاقات کل واشنگٹن میں طے ہے، جس میں اعلیٰ سیاسی رہنماؤں اور اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ وزیراعظم آج نیویارک سے واشنگٹن روانہ ہوں گے۔

قبل ازیں نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ امن کے داعی ہیں اور دنیا بھر میں قیام امن کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں امن کے لیے اپنی کوششوں کا ذکر کیا، جبکہ پاک بھارت جنگ بندی میں بھی ان کا اور ان کی ٹیم کا اہم کردار رہا ہے۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس، وادی کی بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش

Scroll to Top