ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان آج اپنی مہم کا آغاز عمان کیخلاف میچ سے کر رہا ہے ۔ دبئی کے ’’رِنگ آف فائر اسٹیڈیم ‘‘میں ہونے والے اس مقابلے کو قومی ٹیم کے لیے نسبتاً آسان سمجھا جا رہا ہے تاہم کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کچھ بھی ممکن ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں عمان کے خلاف میدان میں اتر رہی ہے ۔ دبئی کے ’’رِنگ آف فائر‘‘ میں ہونے والا یہ میچ قومی ٹیم کے لیے ایونٹ کا پہلا امتحان ہوگا ۔
پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے میچ سے قبل پچ کا معائنہ کیا اور میڈیا سےبات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کی وکٹ بیٹرز کے لیے سازگار دکھائی دیتی ہے ۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی اسکواڈ میں ملٹی اسکلز پلئیرز موجود ہیں جو کسی بھی صورت حال میں میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ قومی ٹیم حال ہی میں سہ ملکی سیریز جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اُترے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں یکدم اضافہ، 90فیصد فروخت
کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ میچ بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والے بڑے مقابلے سے قبل ایک طرح کا وارم اپ ثابت ہوگا ۔ واضح رہے کہ عمان کی ٹیم پہلی بار ایشیا کپ میں کھیلے جا رہی ہے ۔
دوسری جانب عمان کی ٹیم کے کپتان جدیندر سنگھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پاکستانی ٹیم ان کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہے مگر ٹی 20 فارمیٹ میں کچھ بھی توقع کی جا سکتی ہے ۔