(کشمیر ڈیجیٹل)نیپال میں جاری شدید احتجاجی مظاہروں کے دوران وزیراعظم کے پی شرما اولی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کے پی شرما اولی کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ملک میں بڑھتے ہوئے بحران کے آئینی حل کے لیے یہ فیصلہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال میں کرپشن اسکینڈلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بلاک کیے جانے کے بعد سے دارالحکومت کھٹمنڈو سمیت مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ان مظاہروں میں اب تک 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 250 سے زائد زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
مظاہروں کے دوران اہم سیاسی رہنماؤں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا جن میں وزیراعظم کے پی شرما اولی اور سابق وزیراعظم شیر بہادر کا گھر بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ایک سیاسی جماعت کے ہیڈکوارٹر پر بھی حملہ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق کھٹمنڈو میں کرفیو نافذ ہونے کے باوجود ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، جن کی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ دوسری جانب کشیدہ صورتحال کے باعث تری بھون ایئرپورٹ کی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اور ائیرپورٹ جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر ڈیجیٹل کی خبر پر محکمہ شاہرات کا ایکشن، جنڈالہ پیرگلی روڈ کے مسئلے پر وضاحت