مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل )مظفرآباد میں یومِ دفاع و شہداء کی مناسبت سے یادگارِ شہداء پر پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مہمانِ خصوصی جی او سی مری سمیت اعلیٰ عسکری و سول قیادت نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق تقریب کا آغاز سلامی اور پرچم کشائی سے ہوا ۔ شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی ۔ اس موقع پر یومِ دفاع پاکستان اور معرکۂ حق 2025ء کو ایمان ، قربانی اور غیرت کی بنیاد پر قائم اس ارضِ پاک کے دفاع کی تجدید قرار دیا گیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی مری نے کہا کہ پاکستانی فوج کی استقامت اور شہداء کا لہو گواہی دیتا ہے کہ وطنِ عزیز ناقابلِ تسخیر ہے اور اس کے سپاہی کشمیر کی آزادی کو ممکن بنا کر دم لیں گے ۔ یومِ دفاع کے موقع پر جی او سی مری نے مظفرآباد میں ویٹرنز کے ساتھ خصوصی نشست بھی کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہداء کو خراج عقیدت،یوم دفاع آج انتہائی سادگی اور عاجزی کیساتھ منایا جائیگا، آئی ایس پی آر
اس دوران پاک فوج کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر ویٹرنز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور فوج کی جانب سے جاری فلاحی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ ویٹرنز نے اس تقریب کے انعقاد پر فوج کا شکریہ ادا کیا۔