(کشمیر ڈیجیٹل) احساس پروگرام سے متعلق افواہوں کی وضاحت سامنے آ گئی ہے۔ بعض حلقوں میں کہا جا رہا تھا کہ حکومت 25 ہزار روپے کا الگ گرانٹ دے رہی ہے، تاہم حکام کے مطابق “احساس 25 ہزار روپے” کوئی نیا وظیفہ نہیں بلکہ سہ ماہی وظیفہ، بچوں کی تعلیم کے الاؤنس اور بقایاجات کو ملا کر بنتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوری 2025 سے سہ ماہی وظیفہ 10 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 13 ہزار 500 روپے کر دیا گیا ہے۔ وہ گھرانے جو ڈائنامک سروے (NSER) 2025 مکمل کرتے ہیں اور اہلیت پر پورا اترتے ہیں، انہیں پچھلی غیر ادا شدہ ادائیگیوں اور بچوں کے تعلیمی وظیفوں سمیت مکمل رقم دی جا رہی ہے۔
اہلیت کے معیار:
اہلیت کے لیے ضروری ہے کہ گھر کی خاتون سربراہ ہو، اپ ڈیٹ شدہ NSER سروے مکمل کیا گیا ہو، غربت کا اسکور پورا ہو، درست شناختی کارڈ اور بایومیٹرک تصدیق موجود ہو، جبکہ بچوں کی اسکول حاضری کم از کم 70 فیصد ہو۔
ادائیگی چیک کرنے کا طریقہ:
مستحق افراد اپنا شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیج کر یا 8171 پورٹل پر درج کر کے اپنی اہلیت اور ادائیگی کی تفصیل جان سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ HBL Konnect اور BISP ایجنٹ کے ذریعے بھی تصدیق کی جا سکتی ہے۔
رقم کہاں سے ملے گی؟
رقم کی وصولی BISP کیمپس/تحصیل سائٹس، HBL Konnect ایجنٹس اور دور دراز علاقوں کے لیے موبائل پے منٹ وینز کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ مزید یہ کہ 2025 کے پائلٹ پروگرام کے تحت ایزی پیسہ، جاز کیش اور سہولت اکاؤنٹس کے ذریعے براہ راست ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
عام مسائل اور حل:
ایس ایم ایس جواب نہ آنے کی صورت میں دوبارہ کوشش کریں یا قریبی BISP دفتر سے رجوع کریں۔ بایومیٹرک فیل ہونے پر متبادل ایجنٹ یا نادرا دفتر سے تصدیق کروائی جا سکتی ہے۔ جزوی ادائیگی یا کٹوتی کی صورت میں پرنٹڈ رسید لازمی حاصل کریں اور معاملہ ہیلپ لائن پر رپورٹ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: عید میلاد النبی ﷺ پاکستان بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، خصوصی دعاؤں کا اہتمام