مقبوضہ کشمیر ،اننت ناگ میں فلڈ وارننگ، آزاد کشمیر میں بھی شدید بارش کا امکان

(کشمیر ڈیجیٹل) بھارتی مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دریائے جہلم کے بڑھتے پانی کی سطح کے باعث فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ فلڈ زونل کمیٹی اننت ناگ کے مطابق سانگام کے مقام پر گزشتہ رات پانی کی سطح 22.61 فٹ ریکارڈ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق دریائے جہلم سری نگر، قاضی گنڈ اور اوڑی سے ہوتا ہوا کنٹرول لائن پر چکوٹھی کے مقام سے آزاد کشمیر میں داخل ہوتا ہے، اسی دریا پر میرپور میں منگلا ڈیم بھی تعمیر شدہ ہے۔ مزید یہ کہ پنجاب میں دوآبہ چنیوٹ کے مقام پر یہی دریا جہلم، دریائے چناب میں شامل ہو جاتا ہے، جہاں پہلے ہی سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

فلڈ وارننگ کے حوالے سے جب آزاد کشمیر کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) چودھری فرید نے وضاحت کی کہ انہیں مقبوضہ کشمیر سے کسی بھی قسم کی اطلاع انڈس واٹر کمیشن کے ذریعے ہی موصول ہوتی ہے اور اس وقت تک ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی ایم اے پہلے ہی 26 اور 27 اگست کو شدید بارش اور ممکنہ سیلاب کی وارننگ جاری کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیلابی صورتحال، ہیڈقادر آباد کے قریب شگاف ڈالنے کیلئے چھوٹا دھماکہ کیا گیا

چودھری فرید کے مطابق موسمیاتی سیٹیلائٹ ڈیٹا کی روشنی میں آزاد کشمیر کے اضلاع نیلم، مظفرآباد، باغ، پونچھ اور کوٹلی میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔

Scroll to Top