پاکستان میں پہلی بار قومی سطح پر سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا

(کشمیر ڈیجیٹل) : پاکستان میں پہلی بار قومی سطح پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم شروع کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ویکسینیشن مہم 15 سے 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ اس مہم کے تحت 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین لگائی جائے گی، اور اسکولوں سمیت مختلف کمیونٹی سینٹرز اور ویکسینیشن سائٹس پر یہ سہولت فراہم ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی موبائل یونٹس بھی دور دراز علاقوں تک ویکسین پہنچائیں گے۔

صحت عامہ کے شعبہ سے وابستہ عملہ اسکولوں میں جا کر بھی بچیوں کو ویکسین فراہم کرے گا جبکہ والدین کو آگاہی دینے کے لیے ویکسین کے فوائد اور اس کی حفاظت سے متعلق وائس ریکارڈنگز تقسیم کی جائیں گی۔

ماہرین کے مطابق ایچ پی وی ویکسین کی ایک ہی خوراک مستقبل میں خواتین میں سروائیکل کینسر کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر دیتی ہے۔ پاکستان میں اس وقت اندازاً 73.8 ملین خواتین 15 سال یا اس سے زائد عمر کی ہیں جو اس مرض کے خطرے سے دوچار ہیں۔ سروائیکل کینسر 15 سے 44 سال کی خواتین میں دوسرا سب سے عام کینسر ہے، تاہم ایچ پی وی ویکسین کے ذریعے بچیوں کو عمر بھر کے لیے تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہری پانی کو ترس رہے، بااثر مافیا کی ٹینکی سے روزانہ پانی سڑکوں پر ضائع!

یہ اقدام پاکستان میں صحت عامہ کے میدان میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جو آئندہ نسلوں کو ایک مہلک مگر قابلِ علاج بیماری سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

Scroll to Top