باغ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) ضلع باغ آزاد کشمیر میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جس سے مکانات، مساجد اور مویشی خانہ متاثر ہوئے جبکہ کئی سڑکیں بھی بند ہو گئیں ۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق گاؤں نکی کیر میں ایک گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تاہم اہل خانہ مکمل طور پرمحفوظ رہے ۔ اپر سری آویڑہ محلہ روشن میں شدید بارش کے باعث مسجد شہید ہوگئی جبکہ ایک شہری کے مویشی خانہ کے گرنے سے مویشی دب کر ہلاک ہوگئے ۔
پوٹھ پانیالی کے مقام پر بھی ایک گھر زمین بوس ہوگیا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ جھیڑ غنی آباد سے ملوٹ کو ملانے والی سڑک لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل طور پر بند ہے ، پس جھولہ کے مقام پر چار بڑے شگاف پڑنے سے ٹریفک کی روانی معطل ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:حویلی ،مرکزی شاہراہ سمیت دیگوار ہتھلانجہ سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی نذر، تمام ادارے بند
تھب پنیالی روڈ کھڑ سنگڑا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی تھی جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا ۔ علاقے کے عوام نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے فوری اقدامات اٹھانے ، بند سڑکوں کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کی اپیل کی ہے ۔