واشنگٹن:امریکی حکومت نے ورک اور سیاحتی ویزوں کے اجراء پر پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غیر ملکی کمرشل ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ورکر ویزوں کا اجرء فوری طور پر روک دیا گیا ہے ۔
انہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ بڑی تعداد میں غیر ملکی ڈرائیوروں کی ملک میں آمد سے نہ صرف امریکی شاہراہوں پر حادثات کے امکانات بڑھ رہے ہیں بلکہ اس اقدام سے مقامی ٹرک ڈرائیوروں کے روزگار کے مواقع بھی یکسر متاثر ہو رہے ہیں ۔
مارکو روبیو نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کے معاشی مفادات کا تحفظ ہے، اسی لیے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ اس سے قبل بھی امریکی محکمہ خارجہ نے ویزا پالیسیوں میں سختی دکھاتے ہوئے غزہ سے آنے والے فلسطینیوں کے لیے سیاحتی ویزوں کے اجراء کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیں:امریکہ کا بھارت کو روس سے خام تیل کی خریداری بند کرنے کا حکم
محکمے کے ترجمان کے مطابق حالیہ دنوں میں قلیل تعداد میں جو ویزے جاری کیے گئے ہیں ، ان کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت نئے ویزوں کے اجراء کو وقتی طور پر روک دیا گیا ہے ۔
ماہرین کے مطابق امریکی حکومت کے ان فیصلوں سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ مستقبل قریب میں بیرونی افراد کے لیے امیگریشن پالیسی مزید سخت ہو سکتی ہے ۔ خاص طور پر ایسے شعبوں میں جہاں غیر ملکی ورکرز مقامی امریکی شہریوں کے روزگار پر مکمل طور پر اثرانداز ہو رہے ہیں ۔
دوسری طرف انسانی حقوق کی تنظیموں نے امریکہ کی جانب سے اٹھائے گئے ان اقدامات پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔