اسلام آباد:حکومت پاکستان نے لو ٹرانسمیشن سیزن کے دوران پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آئندہ ماہ ذیلی قومی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
صحت کے حکام کے مطابق یہ مہم وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے منعقد کی جائے گی، جس سے پولیو پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ذیلی قومی انسداد پولیو مہم 1 سے 7 ستمبر تک جاری رہے گی ، جس میں 5 دن کی مرکزی مہم کے علاوہ 2 کیچ اپ ڈیز بھی شامل ہوں گے تاکہ جو بچے رہ جائیں، انہیں ویکسین دی جا سکے ۔
مہم کے دوران 2 کروڑ 87 لاکھ 16,528 بچوں کو ویکسین دی جائے گی ۔ یہ مہم آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے 99 اضلاع میں منعقد ہوگی ، جن میں سے 80 اضلاع میں مکمل اور 19 اضلاع میں جزوی طور پر مہم ہوگی اور کل 4,373 یونین کونسلز کو کور کیا جائے گا ۔
یہ بھی پڑھیں:میرپور آزاد کشمیر کے سیوریج سسٹم میں پولیو وائرس کی تصدیق
اضلاع اور بچوں کی تعداد میں خیبر پختونخوا 27 اضلاع، 1,093 یونین کونسلز، 57 لاکھ 22,202 بچےسندھ 25 اضلاع، 1,041 یونین کونسلز، 89 لاکھ 7,077 بچےاسلام آباد 80 یوسیز، 461,125 بچے،بلوچستان 26 اضلاع، 601 یوسیز، 21 لاکھ 82,301 بچے قطرے پیئں گے ۔
آزاد کشمیر 2 اضلاع ، 61 یونین کونسلز، 168,915 بچے ، گلگت بلتستان 2 اضلاع، 15 یونین کونسلز، 180,017 بچےمہم میں 2 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز ڈیوٹی دیں گے ۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں میں صوبائی ٹاسک فورسز مہم کی نگرانی کریں گی ۔
حساس علاقوں میں ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کام کریں گے، اور ہائی رسک یا ترجیحی علاقوں میں ٹیکنیکل ماہرین تعینات کیے جائیں گے، جو مہم کی تیاری اور انعقاد کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔