امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سینیٹ نے پاک امریکا تعلقات اور ریاست کی معیشت، معاشرت اور ثقافت میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ایک تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ۔
یہ قرارداد سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو کی جانب سے پیش کی گئی، جو کیلیفورنیا سینیٹ کی سب سے کم عمر خاتون رکن اور سینیٹ کمیٹی برائے زراعت کی چیئرمین ہیں ۔ قرارداد پیش کرتے وقت سینیٹر ہرٹاڈو نے پاکستانی لباس زیب تن کیا اور مہندی لگائی ہوئی تھی جو ان کی پاکستانی ثقافت سے وابستگی کا عملی مظاہرہ تھا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد نہ صرف پاک امریکا تعلقات کو اجاگر کرتی ہے بلکہ کیلیفورنیا کی ترقی میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے اہم کردار کو بھی تسلیم کرتی ہے۔ریاستی سینیٹ میں منظور شدہ یہ قرارداد پاکستانی، امریکی ، خاص طور پر نوجوان نسل کی اپنی ثقافت سے وابستگی کو نمایاں کرتی ہے اور ان افراد اور تنظیموں کے کردار کو سراہتی ہے جنہوں نے پاکستانی امریکی ثقافت، روایات اور کامیابیوں کو فروغ دیا ۔
یہ بھی پڑھیں:انصاف پسند عالمی شہرت یافتہ امریکی جج فرینک کیپریو انتقال کر گئے
سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی کہانی قربانی، وقار اور استقامت سے عبارت ہے اور پاک امریکا شراکت داری مشترکہ اقدار، جمہوریت اور انسانی وقار پر مبنی ہے ۔ انہوں نے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی موجودگی میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ کیلئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا ۔
سفیر پاکستان نے سینیٹ میں بھرپور پذیرائی اور قرارداد کی متفقہ منظوری پر سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو اور کونسل آف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا سینیٹ کی جانب سے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر قرارداد کی منظوری ہمارے تعلقات کی مظہر ہے، جو حکومتوں سے بڑھ کر عوامی روابط میں موجود ہے ۔
واضح رہے کہ کیلیفورنیا، جسے ’’گولڈن اسٹیٹ ‘‘کہا جاتا ہے، عالمی اقتصادی طاقت اور ثقافتی تنوع کا اہم مرکز ہے اور یہاں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے معیشت اور ثقافت میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔