آزاد جموں و کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور کی مظفرآباد و راولا کوٹ دفاتر سے متعلق افواہیں بے بنیاد قرار

(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور کے ترجمان کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر بورڈ کے مظفرآباد اور راولا کوٹ کے علاقائی رابطہ دفاتر سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں اور خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ تعلیمی بورڈ اس وقت اپنے ڈیجٹائزنگ فیز میں ہے، جس کے دوران طلبہ و طالبات کی بورڈ سے متعلق زیادہ تر سروسز آن لائن کر دی گئی ہیں۔

ان سہولیات کے تحت طلبہ ون بل، ایزی پیسہ یا جیز کیش کے ذریعے چالان جمع کروا کر آن لائن درخواست فارم پُر اور جمع کر سکتے ہیں اور گھر بیٹھے ہی مطلوبہ دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم، کمپیوٹر لٹریسی نہ ہونے کے باعث عوام اور طلبہ کی بڑی تعداد ان سہولیات سے فائدہ نہیں اٹھا رہی۔ اسی مقصد کے تحت طلبہ اور عوام کو آگاہ کرنے اور سہولت فراہم کرنے کیلئے تعلیمی بورڈ نے ضلعی اسٹوڈنٹ فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی منظوری بورڈ آف گورنرز اور کنٹرولنگ اتھارٹی سے لینے کے بعد یہ سہولت ہر ضلعی ہیڈکوارٹر پر فراہم کی جائے گی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ مظفرآباد اور راولا کوٹ کے سب آفسز بدستور کام جاری رکھیں گے۔ اضافی سہولت کا مقصد یہ ہے کہ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور وزیر ہائیر ایجوکیشن کے ویژن کے مطابق ضلع نیلم، جہلم ویلی، باغ، سدہنوتی، حویلی کہوٹہ، کوٹلی اور بھمبر کے طلبہ کے تعلیمی بورڈ سے متعلق تمام امور ضلعی ہیڈکوارٹرز پر ہی حل ہو سکیں۔ اس اقدام سے دور دراز اضلاع کے طلبہ، چاہے کمپیوٹر لٹریٹ نہ بھی ہوں، اپنے معاملات مقامی سطح پر نمٹا سکیں گے، جس سے وقت، سفر کی مشکلات اور اضافی اخراجات میں بچت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکا کا دورہ، اعلیٰ قیادت اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں

مزید برآں، ترجمان نے بتایا کہ حقائق کے برخلاف خبریں اور افواہیں پھیلانے والے تعلیمی بورڈ کے ملازمین کے خلاف فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو اپنی رپورٹ اور سفارشات کی روشنی میں ایسے ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے گی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بغیر دستاویزی ثبوت کے کسی افواہ پر اضطراب کا شکار نہ ہوں۔

Scroll to Top