پاکستان تحریک انصاف

عمران خان کی گرفتاری قوم کا مقدمہ ہے : PTIآزاد کشمیر کا 5 اگست کو تاریخی احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان تحریک انصاف مظفرآباد ڈویژن کا ایک اہم اور مشترکہ اجلاس زیر صدارت قائد حزبِ اختلاف قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر خواجہ فاروق احمد منعقد ہوا ۔

اجلاس میں پارٹی کے مرکزی نائب صدر سید ذیشان حیدر، جنرل سیکرٹری میر عتیق، سینئر رہنما اظہر گیلانی، صاحبزادہ عمران، سمیت مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی اضلاع کے تمام اہم عہدیداران اور ضلعی صدور نے شرکت کی ۔

اجلاس میں 5 اگست 2025 کو آزاد کشمیر کے تینوں اضلاع—مظفرآباد، جہلم ویلی اور نیلم و یلی میں بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

اس دن نہ صرف تمام مرکزی شاہراہیں بند کی جائیں گی بلکہ مظفرآباد ڈویژن کے ہر ضلع، تحصیل اور یونین کونسل میں منظم مظاہرے کیے جائیں گے۔

یہ احتجاجی تحریک چیئرمین عمران خان کی بلاجواز گرفتاری، آئین پاکستان کے تحفظ، ملک میں رائج جبر و فسطائیت کے خلاف جدوجہد، اور بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت (آرٹیکل 370 اور 35A) کے خاتمے جیسے غیر قانونی اقدامات کے خلاف عوامی ردِعمل کا بھرپور اظہار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:منحرف ارکان کوپاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سے فارغ کر دیا ہے،رہنما تحریک انصاف میر عتیق الرحمن

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے نائب صدر سید ذیشان حیدر نے کہا:“عمران خان کشمیریوں کے حقیقی سفیر اور محسنِ کشمیر ہیں۔

اُنہوں نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو جرات اور دلیرانہ انداز میں اُجاگر کیا۔ عمران خان کی غیرقانونی گرفتاری، آئینی اقدار پر حملہ ہے۔ ہم تب تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک آئین بحال، عمران خان آزاد، اور عوام کو ان کا جمہوری حق نہیں ملتا ۔

5 اگست کو آزاد کشمیر کے عوام، خصوصاً نوجوان، سڑکوں پر نکلیں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ کشمیر جاگ رہا ہے!”اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی تحریک کی مؤثر تنظیم، شفاف رابطہ کاری، اور کامیاب عمل درآمد کیلئے ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر خصوصی کمیٹیوں کی تشکیل کی گئی ہے، جنہیں مظاہروں کی نگرانی، میڈیا مینجمنٹ، عوامی رابطہ اور سکیورٹی جیسے اہم اُمور سونپے گئے ہیں ۔

پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے تمام ضلعی عہدیداران، کارکنان، نوجوانوں، خواتین، اور بزرگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس تاریخی تحریک میں بھرپور شرکت کریں، قائدین سے قریبی رابطے میں رہیں، اور تحریک کے ہر مرحلے کو کامیاب بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔

Scroll to Top