انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں مینز کرکٹ ٹیموں کی شرکت کے لیے کوالیفائی کرنے کا طریقہ کار طے کر لیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی اس ایونٹ کے لیے ریجنل کوالیفائنگ فارمولے کو اپنائے گا۔ اس تجویز کے تحت ایشیا، اوشینیا، افریقا اور یورپ کی ٹاپ رینک ٹیمیں براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
امریکا میزبان ملک ہونے کی حیثیت سے خود بخود کوالیفائی کرے گا، جبکہ چھٹی ٹیم کے انتخاب کا طریقہ کار ابھی طے نہیں کیا گیا۔
ادھر پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز نے اس فارمولے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
آئی سی سی رینکنگ میں اس وقت پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے، اس لیے موجودہ فارمولے کے تحت پاکستان کی براہ راست رسائی ممکن نہیں۔ بھارت چونکہ دنیا اور ایشیا میں پہلے نمبر پر ہے، اس لیے وہ باآسانی کوالیفائی کر لے گا۔
اسی طرح نیوزی لینڈ، جو عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے، وہ بھی کوالیفائی نہیں کر سکے گا کیونکہ اوشینیا ریجن سے آسٹریلیا (نمبر 2) کوالیفائی کرے گا۔
امریکا، جو رینکنگ میں 17ویں نمبر پر ہے، میزبان ہونے کے باعث شریک ہو گا، جبکہ یورپ سے گریٹ بریٹن کی ٹیم ایونٹ میں حصہ لے گی۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے گریٹ بریٹن کی ٹیم کی تشکیل کے لیے اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔
کرکٹ 128 سال بعد اولمپکس میں واپس آ رہی ہے، جس میں مینز اور ویمنز دونوں کی 6،6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ویمنز ٹیموں کی کوالیفکیشن آئندہ سال منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ذریعے طے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: حسن ابدال میں گاڑی نالے میں بہہ گئی، ایک ہی خاندان کے 5 افراد لاپتہ
برطانوی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آئی سی سی کے ریجنل کوالیفائنگ فارمیٹ کی حمایت کی ہے۔