آزاد کشمیر میں عالمی یومِ ہیپاٹائٹس منایا جا رہا، عوامی شعور بیدار کرنے کی مہم

(کشمیر ڈیجیٹل)دنیا بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی آج عالمی یومِ ہیپاٹائٹس منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اس خاموش مگر مہلک وائرس کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے، جو جگر کے کینسر اور جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

ہر سال 28 جولائی کو یہ دن منایا جاتا ہے، اور اس سال 2025 کا مرکزی موضوع ہے: “ہیپاٹائٹس: رکاوٹیں توڑو”۔ اس تھیم کا مقصد ان مالی، سماجی اور نظامی رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے جو ہیپاٹائٹس کے خاتمے اور جگر کے کینسر سے بچاؤ کی راہ میں حائل ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق ہیپاٹائٹس بی اور سی وہ خاموش بیماریاں ہیں جو برسوں تک جگر کو نقصان پہنچاتی رہتی ہیں، یہاں تک کہ یہ جگر کے کینسر کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔ اگرچہ یہ بیماریاں قابلِ علاج، قابلِ انسداد اور ہیپاٹائٹس سی کے معاملے میں قابلِ شفا بھی ہیں، لیکن عوامی سطح پر بروقت تشخیص، علاج اور ویکسینیشن کی سہولتوں کا فقدان انہیں مزید مہلک بنا دیتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت اور ماہرین صحت کی جانب سے زور دیا گیا ہے کہ ہیپاٹائٹس کے خلاف مؤثر مہم کے لیے ویکسینیشن، محفوظ انجیکشن کا استعمال، منشیات کے نقصانات میں کمی اور بالخصوص ٹیسٹنگ اور علاج جیسی سہولیات کو قومی صحت کے نظام میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔

عالمی یومِ ہیپاٹائٹس اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہمیں ابھی سے اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ 2030 تک ہیپاٹائٹس کو ایک عوامی صحت کے بحران کے طور پر ختم کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے صرف آگاہی نہیں بلکہ سادہ، مربوط اور مفت طبی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عدالتی احکامات پر سخت عملدرآمد: فوڈ اتھارٹی نے معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے کمر کس لی

آزاد کشمیر کے مختلف اسپتالوں میں آج ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو نہ صرف بیماری کی شدت کا احساس دلایا جائے بلکہ ان کے ذہنوں میں موجود غلط فہمیوں اور خوف کا ازالہ بھی کیا جا سکے۔

Scroll to Top