اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان میں خواتین کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا ڈیجیٹل ویمن پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا ہے، جب کہ خواتین کو فوری مدد کی فراہمی کے لیے ایک علیحدہ ہیلپ لائن 1815 اور نئی موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں آن لائن خواتین پولیس اسٹیشن اور “1Info” موبائل ایپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور ہدایت دی کہ خواتین اور کمزور طبقات کو بروقت امداد کی فراہمی کے لیے آن لائن پلیٹ فارمز کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
نیا ڈیجیٹل ویمن پولیس اسٹیشن مکمل طور پر خواتین اسٹاف پر مشتمل ہوگا، جس میں کال اٹینڈنٹس، رسپانڈرز اور تفتیشی افسران شامل ہوں گے۔ اس کے لیے مخصوص ہیلپ لائن نمبر 1815 جاری کیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن اور نئی موبائل ایپ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیف سٹی کے عملے کی اولین ترجیح عوامی خدمت ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے سیف سٹی کے نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور اسے مصنوعی ذہانت (AI) سے منسلک کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سیف سٹی کو ماڈل پروجیکٹ کے طور پر دیگر صوبوں کے سیف سٹیز سے منسلک کیا جائے گا تاکہ وفاقی دارالحکومت کو ملک کا محفوظ ترین شہر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ میں شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا آغاز، فائنل 14 اگست کو ہو گا
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 3,100 کیمرے نصب ہیں، جب کہ مزید 3,100 کیمروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔