آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالیہ برفباری اور بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہےجس سے روزمرہ زندگی اور سفری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہےجس کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
راولاکوٹ میں تولی پیر روڈ برفباری کے باعث مکمل طور پر بند ہے جبکہ بنجوسہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہے۔ ضلع باغ میں شہر سے سدھن گلی تک 4×4 گاڑیاں برفانی زنجیر لگا کر جا سکتی ہیں تاہم سدھن گلی سے گنگا چوٹی اور لسڈنہ روڈز فی الحال مکمل بند ہیں۔
جہلم ویلی کے داؤ کھن بیٹ میں بارش رک چکی ہے لیکن داؤ کھن ٹاپ پر ایک فٹ برف موجود ہے جس کی وجہ سے لیپہ ویلی کی آمد و رفت محدود ہے اور گاڑیوں کی نقل و حمل نہ ہونے کے برابر ہے۔ مظفرآباد میں پیر چناسی بٹلیاں تک برفباری ہوئی ہے جبکہ لوہار گلی اور کوہالہ روڈ بحال ہیں۔
گزشتہ رات لوئر ویلی کے پہاڑوں سمیت بالائی ویلی میں برفباری ہوئی ہے۔ شاردہ میں تقریباً 2 انچ جبکہ کیل ایریا میں 3 سے 4 انچ تازہ برف پڑی ہے۔ شاردہ تک شاہراہِ نیلم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہے، جبکہ شاردہ سے کیل تک 4×4 گاڑیوں کی آمد و رفت جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کا خدشہ بھی موجود ہے۔
مظفرآباد میں کل موسم صاف رہنے کی توقع ہے ۔ بالائی علاقوں میں رہائش پذیر افراد اور سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی حالات سے باخبر رہیں۔ برفباری اور بارشوں کے دوران پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مزید معلومات اور تازہ ترین موسمی اپڈیٹس کے لیے محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کی ویب سائٹس ملاحظہ کریں۔