پاکستان

یومِ الحاقِ پاکستان : میرپور میں تاریخ ساز ریلی ، کشمیری عوام کا پاکستان سے تجدیدِ وفا

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل نیوز) یوم الحاق پاکستان کے موقع پر وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان اور نو منتخب اعزازی صدارتی مشیر اسلم مغل کی قیادت میں میرپور کی سول سوسائٹی کی جانب سے منگلا پل تا بن خرماں ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔

یوم الحاق پاکستان ریلی میں میرپور کے مختلف حصوں سے عوام جلوسوں کی شکل میں شامل ہوئے، نو منتخب اعزازی صدارتی مشیر اسلم مغل کی بطور اعزازی صدارتی مشیر تعیناتی ہونے کے بعد پہلی بار میرپور آمد پر منگلا پل پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر عوام نے وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان اور اسلم مغل پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ان کو پھولوں کے ہار پہنائے ۔

بیرسٹر سلطان زندہ باد یاسر سلطان زندہ باد کے نعروں سے فضائیں گونج اٹھیں ۔ یوم الحاق پاکستان ریلی منگلا پل سے ہوتے ہوئے چوک شہیداں پہنچی چوک شہیداں سے یہ ریلی بن خرماں پہنچی بن خرماں کے مقام پر اس ریلی نے جلسہ عام کی صورت اختیار کر لی ۔

جلسہ عام سے وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان صدارتی مشیر اسلم مغل اور مئیر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عثمان خالد نے خطاب کیا ۔

وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں کشمیری عوام یوم الحاق پاکستان منا کر اس عہد کی تجدید کر رہے ہیں کہ ہم تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اسلم مغل صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے جانثار ساتھی ہیں بین الاقوامی سطح پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کشمیر کاز کے حوالے سے جدوجہد میں اسلم مغل اہم کردار کرتے ہیں ان کو صدارتی مشیر بننے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید ہے اسلم مغل اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔

وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان نے خطاب میں کہا کہ آج آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں ہماری تاریخ میں یوم الحاق پاکستان کی بڑی اہمیت ہے ہم نے آج اسی مناسبت سے یوم الحاق پاکستان ریلی کا اہتمام کیا جس میں آپ نے بھرپور شرکت کر کے ملی بیداری کا ثبوت دیا ہے میں اس پر میرپور کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

نو منتخب صدارتی مشیر اسلم مغل پہلی بار میرپور تشریف لائے ہیں میں ان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے صدارتی مشیر بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

انیس جولائی 1947 میں سری نگر میں کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں نے ایک قرارداد منظور کر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ سری نگر میں ہونے والے اس اجلاس میں میرے دادا چوہدری نور حسین بھی شامل تھے اور اس تاریخی قرار داد میں جن کشمیری رہنماؤں نے دستخط کیے ان میں میرے دادا چوہدری نور حسین بھی شامل تھے ۔

جلسہ عام سے خطاب میں نو منتخب صدارتی مشیر اسلم نے کہا کہ میں سب سے پہلے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے مجھے اعزازی مشیر تعینات کیا ہے میں کوشش کروں گا کہ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن سر انجام دوں ، قائد کشمیر بیرسٹر سلطان  کی قیادت میں ہم بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

Scroll to Top