سردار یوسف

پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا : سردار محمد یوسف

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے درمیان صرف جغرافیائی نہیں بلکہ تہذیبی، خاندانی اور سماجی رشتے بھی صدیوں پرانے ہیں جو دونوں علاقوں کو باہم جوڑے رکھتے ہیں ۔

سردار یوسف نے حالیہ بھارتی جارحیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مؤثر انداز میں اس کا منہ توڑ جواب دیا جس میں پوری قوم نے اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا ۔

یہ بھی پڑھیں: پیر مظہر سعید کی سردار یوسف سے ملاقات،مذہبی ومسلکی ہم آہنگی پر کام کرنے پراتفاق

انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا مشن ہر صورت جاری رکھا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے لائن آف کنٹرول پر بھارتی مظالم اور اصل حقائق دنیا کے سامنے لائے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے عالمی سطح پر شعور بیدار ہو رہا ہے ۔

انہوں نے امریکہ سمیت بعض عالمی طاقتوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری تنہا نہیں،پیپلزپارٹی کشمیر کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ، بلاول بھٹو 

وفاقی وزیر نے مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے نو منتخب صدر سجاد قیوم میر، سینئر نائب صدر نصیر انور، نائب صدر تنویر احمد تنولی ، سیکرٹری جنرل سید اشفاق حسین شاہ ، ایڈیشنل سیکرٹری راجہ خالد ، جوائنٹ سیکرٹری شاہزیب افضل ، سیکرٹری مالیات خواجہ انصر اور سیکرٹری اطلاعات میر بشارت حسین کو مبارکباد دی ۔

تقریب میں وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقارعلی ، معروف صحافیوں طارق نقاش ، سہیل مغل ، سعیدالرحمٰن صدیقی ، راجہ امجد ، فاروق مغل ، ذوالفقار بٹ ، اعجاز کاظمی ، تنویر تنولی ، سرفراز میر اور راجہ اعجاز سمیت متعدد سینئر صحافیوں نے شرکت کی ۔

Scroll to Top