اسلام آباد: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر سید محسن نقوی نے بھارت کا اعتراض مسترد کرکے تنظیم کا سالانہ اجلاس عام 24 جولائی 2025 کو ڈھاکہ بنگلہ دیش میں طلب کر لیا ہے۔
بھارت اور سری لنکا کی جانب سے مقام اور تاریخ کی تبدیلی کے مطالبے کے باوجود اجلاس مقررہ وقت اور جگہ پر ہی منعقد ہوگا۔ذرائع کے مطابق اے سی سی نے اجلاس کا باضابطہ نوٹس تمام رکن ممالک کو ارسال کر دیا ہے ۔
کئی برسوں بعد بنگلہ دیش کو اس اہم اجلاس کی میزبانی کا موقع ملا ہے، جس کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ سیریز بھی جاری ہو گی۔ اجلاس میں شرکت کیلئے تمام رکن ممالک کو مدعو کیا گیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کا اے سی سی میٹنگ کے وینیو پر اعتراض، بنگلا دیش جانے سے انکارکر دیا
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اور سری لنکا نے اجلاس ڈھاکہ کے بجائے کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم اسے تسلیم نہیں کیا گیا ۔
اجلاس کی تیاریوں کے پیشِ نظر 15 روز قبل نوٹس جاری کرنا اسی فیصلے کا حصہ تھا تاکہ تمام رکن ممالک کو مکمل تیاری کا موقع مل سکے ۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری، ہیری بروک نمبر ون ٹیسٹ بیٹربن گئے
اے سی سی ذرائع کے مطابق جو ممالک اجلاس میں ذاتی طور پر شریک نہیں ہو سکتے، ان کے لیے آن لائن شرکت کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بین الاقوامی تنظیموں میں آن لائن اجلاس معمول کا حصہ بن چکے ہیں، اسی طرز پر اے سی سی اور آئی سی سی بھی اپنی میٹنگز وقتاً فوقتاً آن لائن منعقد کرتی رہی ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:دورہ بنگلہ دیش کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا