مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا زور دار سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، بھمبر، میرپور،سدھنوتی، حویلی اور کوٹلی سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
NDMA اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 10 جولائی تک بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر پنجاب بھر میں بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ لاہور کے علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، چوبرجی، اچھرہ، ماڈل ٹاؤن، نشتر ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن سمیت کئی مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
پنجاب کے دیگر شہروں جیسے گوجرانوالہ، گوجر خان اور ملتان میں بھی بادل جم کر برسے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے ہیں۔
بلوچستان میں بھی مون سون بارشوں نے تباہی مچائی۔ حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے ہیں۔ دریائے سندھ میں کندیاں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آ گیا جبکہ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 73 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ، کابل، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔ تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ دریائے چناب پر مرالہ اور خانکی، دریائے جہلم میں منگلا اور دریائے سوات و پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔
ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل میں ندی نالوں کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوبل امن انعام 2024: فیصلہ کیسے ہوتا ہے اور کن شخصیات کو ملنے کے امکانات ہیں؟
این ڈی ایم اے نے ملک بھر کے عوام اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ہنگامی صورتحال کے لیے تیاری کی ہدایت کی ہے۔