اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات کے وقت موسلا دھار جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، ادھر محکمہ موسمیات نے کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ جیسے خطرات کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 10 جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پوٹھوہار ریجن میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 6 سے 8 جولائی کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
کراچی سمیت سندھ میں اس سسٹم سے بارش کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں:پی پی ایس سی کا انتباہ
ادھر خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کے پگھلنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔