آزادکشمیر،دانش سکول کیلئے3ارب4کروڑ27لاکھ کامنصوبہ سی ڈی ڈبلیو پی سے منظور

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی وڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں آزادکشمیراور بلوچستان کیلئے دانش سکولوں کے 6 منصونے منظور کر لئے گئے۔

سرکاری نیوزایجنسی( اے پی پی )کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے پیش کئے گئے چھ منصوبوںکی مجموعی لاگت 19.253 ارب روپے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں دانش سکول قائم کئے جائیں گے، وزیر مملکت وجیہہ قمر

آزادکشمیر میں دانش سکول کے قیام کیلئے3ارب4کروڑ27لاکھ78ہزار روپے منظور کئے گئے جبکہ بلوچستان کے ضلع کان مہترئی قلرہ سیف اللہ کیلئے 2ارب92کروڑ98لاکھ56ہزار کا منصوبہ منظور کیا گیا۔

ضلع سبی،بائیکرضلع ڈیرہ بگٹی،ضلع موسیٰ خیل،ضلع ژوب کیلئے دانش سکول کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق تمام منصوبے وفاقی اور متعلقہ صوبائی حکومتوں کے درمیان 50،50 فیصد لاگت کی شراکت داری کی بنیاد پر ہوں گے ۔

یہ ادارے گریڈ 6 سے 12 تک کے طلبا و طالبات کو تعلیم فراہم کریں گے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی، اختراع، کاروباری سوچ اور ڈیجیٹل خواندگی سے آراستہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں دانش اسکول سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

یاد رہے کہ آزادکشمیر کیلئے وزیراعظم میاں شہبازشریف نے 3دانش سکولوں کے قیام کا اعلان کیا ، بھمبر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھا جا چکاجبکہ باغ میں سنگ بنیاد دو بار منسوخ ہوچکا ہے۔

یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا کہ یہ 3ارب4کروڑ27لاکھ78ہزار روپے کونسے دانش سکول کیلئے منظور کئے گئے ہیں کیونکہ بلوچستان کے ایک دانش سکول کیلئے تقریباً اتنے ہی فنڈز منظور کئے گئے ہیں۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں جو ایک سنگین قومی مسئلہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ خواندگی کی شرح کو 90 فیصد تک پہنچانا ناگزیر ہے تاکہ ملک ترقی کر سکے۔

Scroll to Top