اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن رانا ثناءاللہ خان سے سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ملاقات کی ۔
اس موقع پر دونوں رہنمائوں کے درمیان آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال،جماعتی معاملات سمیت باہمی دلچسبی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر کوآرڈینیٹر وزیراعظم چوہدری عابد رضا بھی موجود تھے ۔معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں جس طرح مسلم لیگ ن نے پاکستان اور کشمیر کے عوام کی خدمت کی ہےآزادکشمیر کے عوام بھی اپنے قائد سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن ترقی اور خوشحالی کا نام ہے جسے عوام کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے ۔سابق کارکردگی کی بنیاد پر 2026 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
انہوں نے 2016 سے 2021 کے دوران بطور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ آپ قائد پاکستان محمد نواز شریف سے جو محبت کرتے ہیں اور جس طرح دلیری سے مسئلہ کشمیر پر بولتے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔
۔اس موقع پر سابق وزیراعظم آزادکشمیر نے رانا ثناءاللہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت اور اس کے پاس سب سے تجربہ کار اور باصلاحیت ٹیم موجود ہے
پاکستان کے اندر جس طرح مشکل حالات سے ملک کو ن لیگ نے نکالا آزادکشمیر کے اندر بھی اس سیاسی بے چینی کو ہم دور کرینگے انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں آزادکشمیر کے اندر مالیاتی انتظامی اور آئینی محاذ پر تاریخ ساز پیش رفت ہوئی ہماری کارکردگی کے بد ترین سیاسی مخالف بھی معترف ہیں 2021 میں عمران خان نے آزادکشمیر میں ن لیگ کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جس سے آزادکشمیر کا سیاسی نظام مفلوج ہوکر رہ گیا۔۔
دوبارہ اس سفر کو وہیں سے شروع کرینگے جہاں سے 2021 میں چھوڑا تھا گزشتہ عرصہ میں جو نقصان ہوا ہے اسے دور کرنے میں اگرچے وقت لگے گا مگر یہ صلاحیت ہماری جماعت کے پاس ہے جو اس کو درست کرسکتی ہے ۔
سابق وزیراعظم فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کبھی نظریاتی لوگوں کو مایوس نہیں کرتی آج بھی مسلم لیگ ن ترقی کی علامت ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان سے ہمارا تعلق گہرا اور انمٹ ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ ہم الحاق پاکستان کی جدوجہد میں پوری قوت سے برسر پیکار ہیں ۔بنیان المرصوص میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت میں پاک فوج نے جس طرح بھارتی فوج کو شکست فاش دی اس پر ہر کشمیری کا سر فخر سے بلند ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری By Birth پاکستانی ہیں ہمارے رشتے کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔
پیپلزپارٹی میں بڑی شمولیت، بلاول بھٹو سے آزاد کشمیر کے رہنماؤں کی اہم ملاقات