طبی ماہرین نے کچی پیاز کو غذائی خزانہ قرار دیتے ہوئے اس کے متعدد حیران کن طبی فوائد کا انکشاف کیا ہے۔ کچی پیاز نہ صرف جسم کو اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتی ہے بلکہ دل، ہڈیوں، نظامِ انہضام، مدافعتی نظام اور خون میں شکر کی سطح کو متوازن رکھنے میں بھی مددگار سمجھی جاتی ہے۔
کئی پکوانوں میں کچی پیاز استعمال کی جاتی ہے، اگرچہ پکانے سے اس کا ذائقہ اور ساخت بہتر ہو جاتی ہے، مگر غذائی فوائد کے لحاظ سے کچی پیاز زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے کیونکہ اس میں اہم غذائی اجزاء اور قدرتی مرکبات بغیر کسی تبدیلی کے موجود رہتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور:
کچی پیاز میں فلیوونائڈز اور فینولک مرکبات جیسے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں، جو فری ریڈیکلز سے پیدا ہونے والے خلیاتی نقصان سے بچاتے ہیں۔ ان اینٹی آکسیڈنٹس کا کردار جسم کو دائمی امراض، بالخصوص دل کے امراض اور سرطان کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں اہم تصور کیا جاتا ہے۔
دل اور خون کی نالیوں کی صحت
کچی پیاز میں موجود “کویئرسیٹن” نامی مرکب دل کی صحت کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ یہ بلڈ پریشر کو کم کرنے، سوزش کو روکنے اور شریانوں میں چربی جمع ہونے سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے خون کے لوتھڑے بننے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے، جو دل کے دورے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
نظامِ انہضام کی بہتری:
کچی پیاز غذائی فائبر کا مؤثر ذریعہ ہے، جو آنتوں کی حرکت کو متحرک کرتا اور قبض، ڈائیورٹیکولائٹس سمیت دیگر ہاضمے کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرتا ہے۔ فائبر ہاضمہ بہتر بنا کر عمومی جسمانی صحت پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔
مدافعتی نظام کو تقویت:
وٹامن سی سے بھرپور کچی پیاز مدافعتی نظام کو طاقتور بنانے میں مدد دیتی ہے۔ وٹامن سی جسم میں سفید خون کے خلیات کی پیداوار کو بڑھاتا ہے، جو مختلف انفیکشنز اور موسمی بیماریوں سے دفاع کرتے ہیں۔
کینسر کے خطرے میں ممکنہ کمی
کچی پیاز میں پائے جانے والے “آرگینوسلفر” مرکبات کچھ اقسام کے کینسر، بالخصوص معدے اور بڑی آنت کے سرطان کے خلاف مؤثر پائے گئے ہیں۔ یہ مرکبات کینسر کے خلیات کی افزائش کو روکتے اور ان کے خاتمے کے عمل کو متحرک کرتے ہیں۔
ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی:
کچی پیاز کیلشیم کا ایک اچھا ذریعہ ہے، جو ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کیلشیم کی موجودگی ہڈیوں کو نرمی اور کمزوری (آسٹیوپوروسس) سے بچانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
ذیابیطس میں ممکنہ بہتری:
کچی پیاز میں موجود “ایلائل پروپائل ڈسلفائیڈ” نامی مرکب خون میں شکر کی سطح کو کم کرنے میں مددگار مانا جاتا ہے۔ یہ مرکب انسولین کی حساسیت کو بڑھا کر خون میں گلوکوز کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے، خاص طور پر ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کے لیے۔
کم کیلوریز اور متوازن غذا:
کچی پیاز میں کیلوریز اور چکنائی نہایت کم ہوتی ہے، اس لیے یہ صحت مند غذا میں شامل کرنے کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔ اسے سلاد، سینڈوچ یا مختلف کھانوں میں شامل کیا جا سکتا ہے تاکہ ذائقہ اور غذائیت دونوں کا فائدہ حاصل ہو۔
احتیاطی نوٹ:
اگرچہ کچی پیاز بے شمار فوائد رکھتی ہے، تاہم بعض افراد، خاص طور پر آئی بی ایس یا دیگر معدے کے امراض میں مبتلا افراد کو اس سے ہاضمے کی تکالیف ہو سکتی ہیں۔ ایسے افراد کے لیے بہتر ہے کہ پیاز کو پکا کر استعمال کریں یا اس سے پرہیز کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن جاری، 61 ہزار حجاج کی واپسی کا سلسلہ شروع