سردار مسعود

ایس سی او اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کی جیت، بھار تی پروپیگنڈا ناکام ہوا:سردار مسعود خان

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے حالیہ سربراہی اجلاس میں بھارت کو عالمی سطح پر ایک اور سفارتی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ، جس سے اس کی بڑھتی ہوئی تنہائی واضح ہو گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا اب بھارت کے منفی اور دوغلے کردار سے بخوبی واقف ہو چکی ہے ۔

نجی ٹی وی چینل کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف خود کو ایک مظلوم ریاست کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ انتہا پسند ہندوتوا حکومت خود دنیا بھر میں نفرت، تشدد اور تقسیم کو فروغ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایس سی او کے پلیٹ فارم پر دہشتگردی، علیحدگی پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ کے تناظر میں اپنا بیانیہ مسلط کرنے کی کوشش کی، لیکن روس، چین، ایران، قازقستان، تاجکستان اور دیگر رکن ممالک نے اس مؤقف کو مسترد کر کے واضح کر دیا کہ بھارت کا انتہا پسند ایجنڈا ناقابل قبول ہے ۔

سردار مسعود خان نے بھارت کی حکمراں جماعت پر مذہبی فاشزم ، اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیزی اور شدت پسندی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا بیانیہ خود اس کی پالیسیوں سے متصادم ہے  کیونکہ وہ خود دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے اور دوسروں پر الزامات عائد کرتا ہے ۔ انہوں نے کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل اور امریکہ میں بھارتی ایجنٹوں کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات بھارت کی ریاستی سطح پر بین الاقوامی دہشت گردی میں شمولیت کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کرتے ہیں ۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ اب دنیا بھارت کی ’’دہشتگردی کی رام کہانی ‘‘ پر یقین نہیں کرتی، کیونکہ بھارت ایک جانب خود خطے میں تخریب کاری میں ملوث ہے اور دوسری جانب مظلوم بننے کی کوشش کرتا ہے جو سراسر منافقت ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کے جوہری نظریات اور عسکری عزائم خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں ، کیونکہ وہ طاقت اور خوف کے ذریعے بالادستی حاصل کرنا چاہتا ہے ۔ پاکستان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے سردار مسعود نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے پاکستان کے اصولی مؤقف کی حمایت کر کے بھارت کی من گھڑت کہانیوں کو رد کر دیا ۔

یہ بھی پڑھیں:جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کی دفاعی ڈھال ہیں ، سردار مسعود خان

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف اپنا بیانیہ بیچنے میں ناکام رہا بلکہ خود کو ایک تخریبی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ۔ انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو مؤثر انداز میں بے نقاب کرنے کا عمل جاری رکھے ۔

Scroll to Top