راولاکوٹ:یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ نے تعلیمی میدان میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے جامعہ پونچھ کو چار نئے ڈگری پروگرامز کے آغاز کی اجازت دے دی ہے۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (NOC) میں ایم ایس ڈیٹا سائنس، ایم ایس سافٹ ویئر انجینئرنگ، ایم فل ایجوکیشن اور پی ایچ ڈی فارماسیوٹیکل کیمسٹری کے پروگرامز شامل ہیں۔
ایم ایس سافٹ ویئر انجینئرنگ پروگرام کے لیے جاری کردہ نوٹیفکیشن مؤرخہ 23 جون 2025 کے مطابق، یونیورسٹی کو یہ اجازت نئے تعلیمی سال فال 2025 سے پروگرام شروع کرنے کے لیے دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ منظوری جامعہ کی جانب سے جمع کرائی گئی معلومات و دستاویزات کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ اس پروگرام کے لیے دو فیکلٹی ممبران کو مقرر کیا گیا ہے: ڈاکٹر شمایلہ حیات (اسسٹنٹ پروفیسر) اور ڈاکٹر انم مشتاق (لیکچرر)، دونوں کا شعبہ پی ایچ ڈی کمپیوٹر سائنس ہے۔
ایچ ای سی نے یونیورسٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ HEC گریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کے تحت سپروائزر اور طالب علم کے درمیان مناسب تناسب کو یقینی بنائے، اور پروگرام کے دیگر تمام تقاضے جیسے کریڈٹ آورز، دورانیہ، اور سمسٹر گائیڈلائنز کی مکمل پاسداری کرے۔ ساتھ ہی واضح کیا گیا ہے کہ اگر فیکلٹی میں کوئی تبدیلی ہو تو یونیورسٹی فوری طور پر HEC کی کوالٹی ایشورنس ڈویژن (QAD) کو آگاہ کرے، بصورت دیگر NOC واپس لیا جا سکتا ہے۔
اس کامیابی پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ، پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے QEC ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل ریاض اور QEC ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: مرغی کے لیے ہر علاقے کا الگ ریٹ!کیا سرکاری لسٹ صرف کاغذی خانہ پُری ہے؟
ڈائریکٹر QEC، پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال اعوان نے کہا کہ یہ نئے پروگرامز یونیورسٹی کی تعلیمی پروفائل کو مزید مضبوط کریں گے اور مارکیٹ میں موجود اہم شعبوں میں ماہر و تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر رجسٹرار اور ڈین بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔