شاردہ میں میگا سول اسپتال منصوبہ ، صحت کی جدید سہولیات میسر

شاردا: ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ آزاد کشمیر فاروق نور نے کہا ہے کہ شاردہ میں سول اسپتال کا میگا منصوبہ زیر غور ہےجو جلد عمل میں لایا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ آزاد کشمیر فاروق کے مطابق شاردہ میں میگا سول اسپتال منصوبہ زیر غورہے اورصحت کی جدید سہولیات کی فراہمی جلد یقینی بنائی جائے گی ان کا کہنا تھا کہ شاردہ لائن آف کنٹرول پر واقع ہے اور شدید موسمی حالات کی وجہ سے دشوار گزار بھی ہےاس لیے یہاں کے مکینوں کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا بہت   ضروری  ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کی خصوصی ہدایت پر گریس ویلی کے بعد سرگن میں بھی فری میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی معیاری طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ صحت مند معاشرے کے لیے خواتین کی صحت کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے اور اس حوالے سے آگاہی سیشنز کا انعقاد وقت کا تقاضا ہے۔

فاروق نور کا کہنا تھا کہ انسانی صحت سب سے بڑی نعمت ہے، اور دیہی صحت مراکز (RHC) میں معمول کے آپریشنز کا انعقاد یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ، ڈسٹرکٹ اسپتالوں کو مکمل علاج معالجے کے مراکز میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں جدید طبی مشینری اور ماہر ڈاکٹرز کی سہولت دستیاب ہوگی۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیلم میں سیاحتی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ادویات کا کوٹہ مخصوص کیا جائے گا۔ چونکہ نیلم میں چاروں موسموں میں سیاحت جاری رہتی ہے اس لیے یہاں بیسک ہیلتھ یونٹس (BHU) سے لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تک 24 گھنٹے ایمرجنسی سروس فراہم کی جانی چاہیے۔ مزید برآں، جو ڈاکٹرز اس دور افتادہ علاقے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ان کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

فاروق نور نے مزید کہا کہ شاردہ ایک تاریخی اور سیاحتی مقام ہے جہاں ہزاروں سیاحوں کے ساتھ مقامی آبادی بھی صحت کی سہولیات کی شدید ضرورت محسوس کرتی ہے۔ آر ایچ سی شاردہ کا طبی عملہ عوام اور سیاحوں کی خدمت میں مصروف ہے اور سول اسپتال کے قیام سے شاردہ اور اس کے مضافاتی علاقوں کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ اسپتال کے تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد یہاں جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جو مقامی باشندوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔

مزید برآں شدید برفباری سے متاثرہ علاقوں جن میں دودھنیال، شاردہ، سرگن، کیل، شونٹھرا اور گریس شامل ہیں، پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہاں کے مکینوں کو موسمی شدت کے باوجود معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

Scroll to Top