فیس بک

میٹا نے اپنی مقبول سوشل میڈیا سروس فیس بک پر ویڈیوز شیئر کرنے کا طریقہ کار بدلنے کا اعلان کر دیا

میٹا نے اپنی مقبول سوشل میڈیا سروس فیس بک پر ویڈیوز شیئر کرنے کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔

کمپنی کے مطابق اب صارفین جو بھی ویڈیو شیئر کریں گے، چاہے وہ مختصر ہو یا طویل، وہ ریلز فارمیٹ میں پوسٹ ہو گی۔ اس تبدیلی کا مقصد ویڈیو پوسٹنگ کا عمل مزید سادہ اور یکجا کرنا ہے، کیونکہ فی الحال فیس بک پر ریلز اور عام ویڈیوز کو الگ الگ انداز میں شیئر کیا جاتا ہے، جو صارفین کے لیے اکثر الجھن کا باعث بنتا ہے۔

میٹا کی جانب سے جاری بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں دنیا بھر میں فیس بک پر ویڈیوز شیئر کرنے کا یہ نیا سسٹم نافذ کر دیا جائے گا۔ اس اپ ڈیٹ کے تحت صارفین اپنی پروفائل اور پیجز پر جو بھی ویڈیو اپلوڈ کریں گے، وہ خودکار طور پر ریلز بن جائے گی، چاہے وہ مختصر ویڈیو ہو یا لائیو براڈکاسٹ، حتیٰ کہ لمبی ویڈیوز بھی اس نئے فارمیٹ کا حصہ ہوں گی۔

فی الحال فیس بک پر ریلز ویڈیوز کا دورانیہ 90 سیکنڈز تک محدود ہے، مگر کمپنی نے اس پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ صارفین لمبے دورانیے پر مبنی ویڈیوز بھی ریلز میں پوسٹ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ویڈیوز کے لیے مخصوص “ویڈیو” ٹیب کو اب “ریلز” ٹیب میں تبدیل کر دیا جائے گا تاکہ صارفین کو ایک ہی جگہ پر ہر طرح کی ویڈیوز دیکھنے کا موقع ملے۔

کمپنی نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ اس تبدیلی سے صارفین کو ویڈیوز تجویز کرنے کا سسٹم متاثر نہیں ہوگا۔ یعنی صارفین کو پہلے کی طرح ویڈیوز ان کی دلچسپیوں اور ترجیحات کی بنیاد پر تجویز ہوتی رہیں گی۔ اس اپ ڈیٹ کا مقصد فیس بک کو ویڈیوز کا جامع مرکز بنانا اور صارفین کے لیے ویڈیو مواد کو تخلیق اور دیکھنے کا تجربہ مزید خوشگوار بنانا ہے۔

یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی ہے جب کچھ عرصہ قبل مارک زکربرگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ فیس بک کو ثقافتی طور پر زیادہ مؤثر بنانا چاہتے ہیں۔ اس نئے اقدام کے ذریعے میٹا کا ارادہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ویڈیو مواد کی تخلیق اور اشتراک کو فروغ دینا اور دنیا بھر کے صارفین کو ایک جدید اور پُرکشش ویڈیو تجربہ فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top