پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بالآخر اپنی نمایاں فٹنس کا راز فاش کر دیا۔
حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور مرکزی ذرائع ابلاغ پر ان کی وزن میں واضح کمی پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کرتی رہی ہیں، تاہم بلاول بھٹو نے ایک غیر رسمی گفتگو میں ان تمام خبروں کی حقیقت خود بتا دی۔ بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ ان کی یہ فٹنس کسی سرجری یا میڈیکل علاج کا نتیجہ نہیں، بلکہ ایک منظم طرزِ زندگی، باقاعدہ چہل قدمی اور سخت ڈائٹ کنٹرول کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا:”اس میں کوئی جادو نہیں۔ میں نے مسلسل محنت کی، غذا پر قابو پایا، روزانہ چہل قدمی کو معمول بنایا اور ایک صحت مند روٹین اپنائی۔” انہوں نے مزید بتایا کہ شروعات میں انہیں بھی مشکلات کا سامنا رہا، لیکن مستقل مزاجی اور عزم کے ساتھ وہ ایک صحت مند طرزِ زندگی کی جانب گامزن ہوئے۔
“روٹی اور مٹھائی کھانا چھوڑ دیں اور ورزش شروع کریں — خود فرق محسوس کریں گے،”یہ مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے قدرتی طریقوں سے وزن کم کرنے کی تلقین کی۔ اس سے قبل بھی ایک عوامی تقریب میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ذکر کیا تھا کہ انہوں نے شوگر اور کاربوہائیڈریٹس کو اپنی خوراک سے مکمل طور پر نکال دیا ہے اور باقاعدہ ورزش کو اپنا معمول بنا لیا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ صحت کو ترجیح دیں، مصنوعی طریقوں سے بچیں اور تندرست زندگی کے لیے فطری اور متوازن راستہ اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست جیسے مصروف اور چیلنجنگ شعبے میں جسمانی صحت بنیادی اہمیت رکھتی ہے، خاص طور پر جب ملک بھر کے دورے اور انتخابی مہمات مسلسل جاری ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2025: مسجد نمرہ میں قالین، ایئر کنڈیشننگ اور سیکیورٹی کے مثالی انتظامات مکمل
بلاول بھٹو کی یہ گفتگو نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے متاثرکن ہے بلکہ ان تمام افراد کے لیے ایک عملی مثال بھی، جو صحت مند زندگی کی جانب قدم بڑھانا چاہتے ہیں۔