ایلون مسک نے پیغام رسانی کی دنیا میں تہلکہ مچانے کی تیاری کر لی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک نے واٹس ایپ کے مقابلے میں نیا انقلابی چیٹ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا پرائیوٹ میسجنگ فیچر “ایکس چیٹ” کے نام سے متعارف کرایا جا رہا ہے، جو میسجز کے ازخود غائب ہونے اور بِٹ کوائن طرز کی انکرپشن جیسی جدید سہولیات سے لیس ہوگا۔ اس فیچر کو فی الحال صرف بیٹا ٹیسٹرز کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ چیٹ ایپ واٹس ایپ اور ٹیلی گرام جیسے مقبول پلیٹ فارمز کو سنجیدہ چیلنج دے سکتی ہے۔ ایلون مسک کا کہنا ہے کہ نیا ایکس چیٹ صارفین کو انکرپٹڈ چیٹنگ، تمام اقسام کی فائلز بھیجنے، میسجز کے غائب ہو جانے اور آڈیو/ویڈیو کالنگ جیسی سہولیات فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی میڈیا نے پاک-بھارت کشیدگی میں جھوٹا پروپیگنڈا کیا،واشنگٹن پوسٹ کا انکشاف
ایکس چیٹ، ایلون مسک کے اس بڑے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت وہ ایکس کو ’ایوری تھنگ ایپ‘ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کی خریداری اور اس کا نام تبدیل کرنے کے بعد مسک نے پلیٹ فارم میں کئی بڑی تبدیلیاں متعارف کروائی ہیں، جن میں پے منٹ سسٹم اور عالمی مارکیٹ پلیس کا تصور بھی شامل ہے۔