کھیل باہمی رابطے بڑھانے کا اہم ذریعہ ہیں:صدر پاکستان کا کرکٹ ٹیموں کے استقبالیہ سے خطاب

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے پاک بنگلا دیش کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کرکٹرز اور دونوں ٹیموں کے آفیشلز کے ساتھ مصافحہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ “اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، بنگلا دیش کرکٹ ٹیم بطور سفیر پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، انہوں نے بھی اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا۔”

انہوں نے کہا کہ “میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جس نے ہمیں علیحدہ ہوتے دیکھا لیکن آج کل کی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں جان سکتی، کسی بھی طرح ہمیں اس درد کا مداوا کرنا ہے۔”

صدر مملکت نے زور دیا کہ “پاکستان اور بنگلا دیش کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، بنگالی قوم خطے کی امیر ترین قوموں میں سے تھی اور ہمیں دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہوگا۔ ہمیں مل کر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے دونوں ملکوں کے عوام خوشحال ہوں۔”

یہ بھی پڑھیں: بیجوں سے نکلے تیل کو ’زہریلا‘ قرار دینے کا دعویٰ، ماہرین نے واضح کر دیا

انہوں نے مزید کہا کہ “بنگلہ دیش دنیا میں ایک کامیاب ملک کے طور پر جانا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی طرح ڈھاکہ کو بھی وسائل سے نوازا ہےساتھ ہی دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کی نوجوان نسل کو باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہےاورکھیل باہمی رابطوں کا اہم ذریعہ ہیں۔”

Scroll to Top