وفاقی حکومت کا بڑا قدم: پٹرول پمپس پر نوزلز ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول پمپس پر چوری اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے نیا اور منفرد اقدام اُٹھایا ہے، جس کے تحت پمپس پر فیول ڈالنے والی نوزلز کو ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے یہ فیصلہ چوری کے سدباب کے لیے اہم قدم ہے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ اس منصوبے سے پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی۔

وفاقی وزیر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ گھریلو گیس کنکشنز کی فراہمی کے لیے وزیرِ اعظم سے درخواست کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی گیس دستیاب نہیں، اس لیے نئے کنکشن امپورٹڈ گیس پر دیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی گھر ایل این جی نہیں خرید رہے، جس کے باعث 400 ایم ایم سی ایف ڈی مقامی گیس کی سپلائی روکنا پڑ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) بڑھائی گئی ہے، تاہم فی الحال اس کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: “ہم نے پاک بھارت جنگ روکی، کشیدگی جوہری تباہی کا باعث بن سکتی تھی”ٹرمپ کا دعویٰ

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ امریکا سے امپورٹ بڑھانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو اس حوالے سے اقدامات کرے گی۔

Scroll to Top