FEILD MARSHAL ASIM MUNIR

بھارت جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا،فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پر نسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، میں آج جو کچھ بھی ہوں ، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے ،اساتذہ نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا،پاکستان ہندوستان کی اجارہ داری قبول نہیں کرے گا ۔

معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :میڈیا ہمارا فخر ہے، اس نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پاکستان ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا ، ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، اب یہ ممکن نہیں رہا ۔
دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے، جبکہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے ۔

بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں ، پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق ، آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی دباؤ، مالی اور ذاتی فائدے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اُس کی نفی کریں یہ جو محفوظ دھرتی ہے ، اس کے پیچھے وردی ہے ،شرکاء کا سوال جواب سیشن میں تاثر،شرکاء کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔

Scroll to Top