راولا کوٹ: وزیراعظم آزادکشمیر کا رات گئے ہنگامی دورہ، شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت

راولا کوٹ :وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے گزشتہ شب رات 2 بجے راولا کوٹ کا ہنگامی دورہ کیا۔ یہ دورہ حسین کوٹ میں پیش آنے والے دہشتگردی کے المناک واقعہ کے بعد کیا گیاجس میں دو پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے آج نماز فجر کے بعد ڈگری کالج راولا کوٹ میں شہداء کانسٹیبل گلفراز (ساکن بھمبر) اور کانسٹیبل طارق بشیر (ساکن راولا کوٹ) کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور شہداء کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے سی ایم ایچ راولا کوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیر صحت عامہ آزادکشمیر نثار انصر ابدالی اور انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر ،پختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان میں آج بارش کی پیشگوئی

وزیراعظم آزادکشمیر نے واقعے کو ریاست کے امن کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد عناصر ریاست میں خوف و ہراس پھیلانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے واقعات ریاستی اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور مجرمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

Scroll to Top