یومِ تکبیر: ایٹمی پاکستان سے خطے میں طاقت کا توازن ہے، صدر آزاد کشمیر

مظفرآباد :صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء کے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان نے خطے میں بھارت کے ساتھ طاقت کا توازن برابر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اُس وقت کے وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا تھا جس کی بدولت آج پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے خبردار کیا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور ان کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے، جو پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں پوشیدہ ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے بھی مسئلہ کشمیر پر تین جنگیں ہو چکی ہیں، جو غیر روایتی نوعیت کی تھیں۔ تاہم اگر خدانخواستہ اب کوئی جنگ ہوتی ہے تو وہ ایٹمی جنگ ہو گی، جو نہ صرف پورے خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے بھی شدید خطرہ ثابت ہو گی۔

صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ حل طلب مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے جامع اور پائیدار حل کے لیے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے کیونکہ وہ اس مسئلے کے اصل اور اہم فریق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہاڑی زبان کے باکمال شاعر اشفاق ماگرے ،حکومتی عدم توجہی کے باعث نظر انداز

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ خطے اور دنیا میں پائیدار امن یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top