ایشیا کپ سے دستبرداری کی خبروں پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی وضاحت سامنے آ گئی

نئی دہلی: 19 مئی، پیر کے روز بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث اس سال ہونے والا ایشیا کپ ممکنہ طور پر منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارت نے ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی جانب سے یہ مؤقف اپنایا گیا کہ پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے باعث بھارتی ٹیم ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ کا حصہ نہیں بنے گی۔ تاہم اب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری دیو اجیت سائکیا نے ان خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے کسی بھی ایونٹ سے دستبرداری کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ “ہمیں صبح سے ایسی خبریں دیکھنے کو مل رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارت ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ نہیں کھیلے گا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اب تک اس معاملے پر نہ کوئی مشاورت ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی فیصلہ لیا گیا ہے۔”

دیو اجیت سائکیا نے مزید کہا کہ “اس وقت ہماری پوری توجہ آئی پی ایل اور انگلینڈ کے خلاف سیریز پر ہے، اس لیے میڈیا میں چلنے والی یہ خبریں افواہوں پر مبنی اور بے بنیاد ہیں۔ اگر اے سی سی ایونٹس سے متعلق کوئی بات چیت ہوتی ہے اور کوئی فیصلہ سامنے آتا ہے تو بی سی سی آئی خود اس کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔”

واضح رہے کہ ایک بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبردار ہو چکا ہے، تاہم یہ خبر نامعلوم بھارتی آفیشل کے حوالے سے شائع کی گئی تھی جس کی اب بی سی سی آئی نے تردید کر دی ہے۔

Scroll to Top