رانا ثناءاللہ کا آزاد کشمیر کا دورہ:بھارتی جارحیت کے متاثرین سے اظہار یکجہتی، امدادی چیکس تقسیم کیے

مظفرآباد : وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی رانا ثناءاللہ نے صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے ہمراہ بھارتی جارحیت سے متاثرہ علاقے شوائی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور زخمیوں و لواحقین میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔

دورے کے دوران رانا ثناءاللہ نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ امدادی چیکس شہداء کے ورثاء اور زخمیوں میں تقسیم کیے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ حکومت پاکستان کی طرف سے بھیجی گئی امداد لے کر متاثرین کے درمیان پہنچے ہیں۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بھارت کا غرور پہلے بھی خاک میں مل چکا ہے اور اگر اس نے دوبارہ ایسی کوئی حرکت کی تو دنیا خود دیکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ذلیل اور رسوا ہو گیا، شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کے حوصلے کے سامنے بھارت کی کوئی حیثیت نہیں۔

یہ بھی ُرھیں: پاکستانی ذہین اور تخلیقی قوم ہیں، امریکا نظرانداز نہیں کرسکتا: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے جو پہاڑ توڑے، اس کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا کے سامنے اجاگر ہوا ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی جارحیت کی تو اسے پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔

Scroll to Top