رالپنڈی : ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے بقیہ میچز جلد دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہےجن کے راولپنڈی میں انعقاد کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کو بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیزفائر کے بعد لیگ انتظامیہ نے تمام چھ ٹیموں کو اسلام آباد میں اکٹھا کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ راولپنڈی کو میزبان شہر کے طور پر حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
پانچ لیگ میچز اور تین ناک آؤٹ مقابلے باقی:
پی ایس ایل کے معطل شدہ شیڈول میں پانچ لیگ میچز اور تین ناک آؤٹ مقابلے شامل ہیں ۔کوالیفائر، ایلیمینیٹر 1، ایلیمینیٹر 2 اور فائنل۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل حکام نے فرنچائزز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں رکھیں جبکہ مقامی کھلاڑیوں کو مکمل طور پر تیار رہنے کو کہا گیا ہے تاکہ جب بھی ٹورنامنٹ بحال ہوفوری طور پر ایکشن شروع کیا جا سکے۔
سیکیورٹی خدشات پر معطلی، سیزفائر نے نئی امید جگا دی:
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دیا تھا۔ اس دوران خبریں تھیں کہ باقی میچز متحدہ عرب امارات منتقل کیے جا سکتے ہیں لیکن سیزفائر کے بعد راولپنڈی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ صورتحال:
معطلی سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھ فتوحات کے ساتھ پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی تھی۔ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ لاہور قلندرز نو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ پشاور زلمی اب بھی دوڑ میں شامل ہےالبتہ ملتان سلطانز صرف ایک جیت کے ساتھ ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے بقیہ میچز کا نیا شیڈول جلد متوقع ہے اور اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو راولپنڈی ایک بار پھر کرکٹ کی رونق سے جگمگا اٹھے گا۔