پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ تمام میچز کراچی میں کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے باعث سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام میچز کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ حالات مزید بگڑنے کی صورت میں دبئی یا دوحہ کو متبادل وینیو کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ آج شام تک متوقع ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے پی ایس ایل انتظامیہ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے جبکہ کراچی میں میچز کے انعقاد کے لیے بھرپور تیاری جاری ہے، ٹریفک پولیس کو خصوصی پلان تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اورکراچی کے 5 اسٹار ہوٹلز کے اطراف سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات کردی گئی ہے۔
ادھر برطانوی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل میں شامل انگلش کھلاڑی پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں اور کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں جیمز ونس، ٹام کرن، سیم بلنگز، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، لوک ووڈ اور ٹام کوہلر کیڈمور شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 اس وقت آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اب صرف چار ناک آؤٹ اور چار پلے آف میچز باقی رہ گئے ہیں۔