جہلم ویلی : لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے بعد آزاد جموں و کشمیر کے وزیر صحت عنصر عبدالی نے ہٹیاں بالا، چکوٹھی اور دیگر متاثرہ علاقوں کے طبی مراکز کا ہنگامی دورہ کیا۔
گزشتہ رات ہونے والی بھارتی گولہ باری سے چکوٹھی کے سرحدی علاقوں میں کئی شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ وزیر صحت نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا، ایمرجنسی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز (ای ڈی ایس) دفتر اور رورل ہیلتھ سینٹر چکوٹھی کا دورہ کر کے زخمیوں کی عیادت کی اور اسپتال انتظامیہ سے علاج معالجے کی تفصیلات حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ: لبگراں گاؤں میں بھارتی فوج کی فائرنگ، رہائشی مکان اور اسکول کی عمارت کو نقصان
عنصر عبدالی نے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہریوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نے بھارتی افواج کی کارروائی کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔