مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جمعرات کے روز گہرے سیاہ بادل چھا گئے جبکہ ٹھنڈی اور تیز ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ شہر بھر میں گرجدار بادلوں کی گونج سنائی دی ساتھ ہی موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے پیش گوئی کی ہے جس کے مطابق کشمیر، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہےاور یہ سلسلہ 11 مئی تک جاری رہے گا۔
ملک کے دیگر علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال:
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ جمعرات کی شام اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔
پنجاب: صوبہ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، جہلم، سرگودھا، ساہیوال، لاہور اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں خصوصاً چترال، دیر، شانگلہ، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور گردونواح میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
سندھ: سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، بدین، دادو اور لاڑکانہ میں بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کو ممکنہ موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بلوچستان: بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، چمن، زیارت، بارکھان، سبی، نوشکی، خضدار، لسبیلہ، پنجگور اور چاغی میں بعض مقامات پر ژالہ باری اور شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی ہدایات:
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں ۔