مظفرآباد :آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پاکستان پیپلزپارٹی نے بڑا سیاسی وار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی صفوں میں دراڑ ڈال دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ شہر میں تحریک انصاف کے درجنوں اہم عہدے داران اور کارکنان نے پارٹی کو خیر باد کہہ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور سردار مختار احمد خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سردار مختار احمد خان اور سٹی صدر و ڈپٹی میئر خالد اعوان نے کہا کہ سید عمیر شاہ اور ان کے ساتھیوں کی پارٹی میں شمولیت خوش آئند قدم ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مظفرآباد کے عوام ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی طرف رجوع کر رہے ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی سیاسی جماعت کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ نوجوانوں کو اہمیت دی ہے۔ آج شہر میں وہ عناصر جو پیپلزپارٹی کو ختم شد قرار دے رہے تھے، وہ دیکھ لیں کہ مظفرآباد شہر دوبارہ پارٹی کا سیاسی قلعہ بن چکا ہے اور پیپلزپارٹی ناقابل شکست قوت بن کر ابھری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں مضبوط ہو رہی ہے اور اس کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھوں میں ہے، جن کی قیادت میں نوجوان ملک کے سیاسی منظرنامے کو تبدیل کریں گے۔
سردار مختار احمد خان نے کہا کہ ماضی میں بعض سیاسی قوتوں نے سازشوں کے ذریعے پارٹی کو نقصان پہنچایا، مگر آج پارٹی مخلص، نظریاتی اور باصلاحیت کارکنان کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارکنان محترمہ فریال تالپور، چوہدری ریاض اور پارٹی چیئرمین کی پالیسیوں کو لے کر سیاسی میدان میں اتر چکے ہیں۔
آخر میں سردار مختار احمد خان نے ملک کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور ہماری غیرت تقاضا کرتی ہے کہ ہم اپنے ملک اور مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں۔ انہوں نے آرمی چیف کی جانب سے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ وادی کے عوام کی بین الاقوامی سطح پر مؤثر نمائندگی کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے، کیونکہ ملک اور افواج موجود ہوں گی تو سیاست بھی باقی رہے گی۔