جہلم ویلی :دفاعِ پاکستان ریلی آج جب جہلم ویلی کی حدود میں داخل ہوئی تو ہٹیاں بالا محب وطن نعروں سے گونج اٹھا۔ اسکول کے بچوں نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرہ بازی کی اور وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
ریلی کی قیادت وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی کر رہے ہیں جو اس وقت ہٹیاں بالا سے گذری ہے۔ ریلی کا مقصد پاکستان اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی ہے، جس میں سول سوسائٹی، طلباء، اساتذہ اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہیں۔
وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں واضح پیغام دیاکہ آج ہم اپنے وطن اور پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔ ہماری فوج سرحدوں کی حفاظت کر تی ہے اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو ریاست جموں کشمیر کا بچہ بچہ لڑے گا۔ ہم اپنے وطن کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے۔ہماری موجودگی کا مقصد واضح ہے کشمیری عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہ ریلی دشمن کو پیغام دے رہی ہے کہ قوم متحد ہےاور کوئی بھی جارحیت کامیاب نہیں ہو سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: ہم تمھارے ساتھ ہیں کے نعروں سے کشمیر گونج اٹھا ،دفاعِ پاکستان ریلی کا جوش و خروش
ریلی پرامن ماحول میں جاری ہے اور لوگوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ ہٹیاں بالا میں ہر عمر کے افراد نے ریلی کا استقبال کیا اور قومی پرچم تھامے پاکستان ذندہ باد نعرے لگاتے رہے۔