جہلم ویلی :پاک فوج کے بہادر شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جہلم ویلی میں ایک عظیم الشان اور پرجوش ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی اور ایس پی مرزا زاہد حسین نے کی۔
اس ریلی میں ضلعی افسران، سرکاری محکموں کے نمائندے، پولیس اہلکار اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ریلی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سے شروع ہو کر قومی پرچموں اور فلک شگاف حب الوطنی کے نعروں کے ساتھ مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی مرکزی مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے “پاک فوج زندہ باد”، “شہداء کو سلام” اور “کشمیر بنے گا پاکستان” جیسے نعرے لگا کر وطن سے محبت اور فوج کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے استحکام اور امن کے پیچھے انہی شہداء کی عظیم قربانیاں کارفرما ہیں، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمیں آزاد وطن عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کا قرض قوم کبھی چکا نہیں سکتی۔
ایس پی مرزا زاہد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج صرف سرحدوں کی محافظ نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے دل کی دھڑکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی فوج پر فخر کرتے ہیں اور ملکی سلامتی کے ہر محاذ پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ریلی کے دوران شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جب کہ شرکاء میں قومی پرچم، پمفلٹس اور پوسٹرز تقسیم کیے گئے تاکہ عوام کو شہداء کی خدمات سے روشناس کرایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر بھمبر کی زیر صدارت اہم اجلاس، موجودہ حالات میں سیکیورٹی حکمت عملی پر غور
فضا مکمل طور پر حب الوطنی کے جذبات سے لبریز رہی اور ریلی نے عوامی یکجہتی اور شہداء سے عقیدت کو نئی توانائی عطا کی۔ ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے تاکہ نئی نسل کو قربانی کے اس جذبے سے آشنا رکھا جا سکے۔