مظفرآباد میں عدالتی نظام کا نیا دور ، نیو جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جدید ترین نیو جوڈیشل کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ آزادکشمیر جناب راجہ صداقت خان نے فیتہ کاٹ کر نہ صرف عمارت کا افتتاح کیا بلکہ عدالتی کارروائی کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔

اس موقع پر ہائی کورٹ کے دیگر معزز ججز ،جسٹس شاہد بہار، جسٹس لیاقت شاہین، جسٹس خالد رشید اور جسٹس اعجاز خان بھی چیف جسٹس کے ہمراہ موجود تھے۔

افتتاحی تقریب ایک پروقار اور تاریخی موقع تھی، جس میں لوئر جوڈیشری کے اراکین کے علاوہ متعدد اہم سیاسی، عدالتی اور انتظامی شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، سپیکر قانون ساز اسمبلی، وزراء حکومت بازِل نقوی، میاں وحید، دیوان علی خان، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد، جنرل سیکرٹری سنٹرل بار، انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر اور ریاستی بیوروکریسی کے اعلیٰ افسران شامل تھے۔

یہ شاندار کمپلیکس اس خطے کی اُس ناقابلِ فراموش آزمائش کا تسلسل ہے جس کا سامنا 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد یہاں کے عوام نے کیا۔ زلزلے نے جہاں ہزاروں جانیں نگلیں، وہیں عدالتی عمارات سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی ملبے میں تبدیل کر دیا۔ اُس وقت سے لے کر اب تک پرانی لوئر کورٹس جزوی طور پر متاثرہ عمارت میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی تھیں۔

آج جب مظفرآباد کو ایک جدید، محفوظ اور کشادہ عدالتی عمارت میسر آ رہی ہے، تو یہ لمحہ نہ صرف عدالتی نظام کی بحالی کا غماز ہے بلکہ یہ عدل، وقار اور عوامی خدمت سے نئے عزم کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔

حکومت آزادکشمیر نے اس عمارت کو جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا ہے جہاں بہتر سہولیات، کشادہ دفاتر اور جدید ڈیزائن کے ساتھ عدالتی امور کی انجام دہی کے لیے ایک مثالی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ پرانے کمپلیکس میں محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود جو عمل جاری رکھا گیا، وہ عدلیہ کے عزم و استقلال کا واضح ثبوت ہے۔

آج کی افتتاحی تقریب نہ صرف ایک عمارت کا افتتاح ہے بلکہ یہ آزادکشمیر کے عوام اور قانونی برادری کے لیے ایک امید، حوصلے اور نئے اعتماد کی علامت ہے۔ اس لمحے میں موجود ہر فرد اس تاریخی سنگِ میل کا گواہ ہو گا، جو عدلیہ کی جدوجہد، عوامی حوصلے اور ادارہ جاتی بحالی کی روشن تصویر پیش کرتا ہے۔

نئے جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح، مظفرآباد اور آزادکشمیر کے لیے ایک نئے دور کے آغاز کی نوید ہے ،ایک ایسا دور جو انصاف کی فراہمی، ادارہ جاتی بہتری اور عوامی اعتماد کے استحکام سے جڑا ہے۔

 

Scroll to Top