آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارشیں، ژالہ باری اور سیلاب کا خدشہ

آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک، بعض مقامات پر ژالہ باری اور سیلاب کا امکان ہے۔ اس سے قبل اتوار کے روز ایسی ہی موسمی صورتحال کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد اور اس کے گردونواح کے علاقے متاثر ہوئے تھے ، جس کی وجہ سےگندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وفاقی دارالحکومت، خیبر پختونخوا کے کچھ حصوں اور آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں مسلسل شدید بارش اور ممکنہ ژالہ باری کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے یعنی آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں فلیش فلڈز (اچانک سیلابوں) کا خطرہ بھی موجود ہے۔

بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہو گئی ہے، جو کٹاریاں پر 5 فٹ اور گوالمنڈی پر 4 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ حکام نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نالے کے لیےحفاظتی اقدامات کریں۔

اگر کٹاریاں پر پانی کی سطح 11 فٹ سے تجاوز کرتی ہے تو “پری الرٹ” جاری کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جاری بارش کے دوران چوکس رہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 4 سے 8 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں گرج چمک اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ نیلم ویلی، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں مزید بارش، ژالہ باری اور ممکنہ فلیش فلڈز کی توقع ہے۔

مزید برآں، پاکستان محکمہ موسمیات نے پہلے ہی ایک اور شدید موسمی لہر کی پیش گوئی کی تھی، جس میں گولف بال جتنے بڑے اولے پڑنے کامکان ہےجس سے گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی پنجاب کے کچھ حصے متاثر ہو سکتے ہیں ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 سے 6 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک اور جہلم میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کی توقع ہے، جب کہ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جبکہ آئندہ 4 سے 8 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے علاقوں جیسے نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے کئی اضلاع میں مزید شدید موسمی صورتحال کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی 87ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

ادھربالائی خیبر پختونخوا، بشمول چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، صوابی اور ملاکنڈ میں بھی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈز کے امکانات پر خبردار کرتے ہوئے مسافروں کو اگلے 24 گھنٹوں تک سفر محدود کرنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ 16 اپریل کو اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں ایک غیر متوقع شدید ژالہ باری ہوئی تھی جس نے پورے شہر کو سفید چادر میں لپیٹ دیا، اور مناظر سردیوں جیسے ہو گئے۔گولف بال جتنے بڑے اولوں نے گھروں، گاڑیوں، سولر پینلز اور ای وی چارجنگ اسٹیشنز کو نقصان پہنچایاساتھ ہی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور ہنگامی سروسز کو متحرک کیا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

Scroll to Top