پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی نئی صورتحال!

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں چوتھی لگاتار کامیابی حاصل کرلی۔ دفاعی چیمپئن نے اتوار کے روز کراچی میں کھیلے گئے اہم میچ میں کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف اپنی پوزیشن مستحکم کرلی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر بھی سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز نے بیٹنگ کا آغاز سنبھل کر کیا مگر اسلام آباد کے بولرز نے ان پر مسلسل دباؤ رکھا۔ مقررہ 20 اوورز میں کراچی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز ہی بنا سکی۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعتماد کے ساتھ ہدف کا تعاقب کیا اور 129 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔اسلام آبادیونائیٹڈ کی جانب سے بلے بازوں نے ایک بار پھر ذمہ داری سے کھیل پیش کیا جبکہ بولرز کی نپی تلی بولنگ نے ٹیم کو فتح سے ہمکنارکیا۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال:

پاکستان سپر لیگ 10 کے جاری سیزن میں اب تک 10 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 4 میچز میں کامیابی حاصل کرکے 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ لاہور قلندرز 3 میچز میں سے 2 جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہےجبکہ کراچی کنگز 4 میچز کھیل کر 2 جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے 3،3 میچز کھیل کر ایک کامیابی حاصل کی ہے اور دونوں کے 2،2 پوائنٹس ہیں، جس کی بنا پر وہ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ پلے آف کے لیے ٹاپ چار ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔

Scroll to Top