لاس اینجلس: کرکٹ 128 سال بعد ایک بار پھر اولمپکس کا حصہ بننے جا رہا ہے اور لاس اینجلس 2028ء کے اولمپک مقابلوں کے منتظمین نے کرکٹ کے لیے پومونا کو باقاعدہ وینیو کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔
اولمپک کھیلوں میں کرکٹ آخری بار سن 1900 میں شامل تھااور اب ایک طویل وقفے کے بعد یہ کھیل دوبارہ دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے اسٹیج پر نظر آئے گا۔ اس حوالے سے اعلان منگل کے روز کیا گیا جس میں پومونا کو کرکٹ کے تمام میچز کے لیے منتخب کیے جانے کی تصدیق کی گئی جبکہ اس سے پہلے یہ قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں کہ مقابلے نیویارک میں بھی منعقد ہو سکتے ہیں۔
ایل اے 28 کے مطابق، کرکٹ کا یہ اولمپک ٹورنامنٹ مردوں اور خواتین دونوں کے لیے ہوگا اور چھ ٹیموں پر مشتمل T20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جس کا مقصد کھیل کو مختصر اور پرجوش انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (IOC) پہلے ہی کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔ ان کے مطابق کرکٹ دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے جس کے مداحوں کی تعداد تقریباً 2.5 ارب تک ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے وینیو کی تصدیق کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کی تیاریوں میں ایک “اہم سنگ میل” قرار دیا ہے۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا:”ہم لاس اینجلس 2028 کے لیے کرکٹ وینیو کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ کرکٹ کی اولمپک واپسی کی تیاریوں کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔”
لاس اینجلس 2028ء کے منتظمین نے دیگر کھیلوں کے لیے بھی دلچسپ اور معروف مقامات کا انتخاب کیا ہے۔ اسکواش پہلی بار اولمپکس میں شامل ہوگا اور یہ مقابلے یونیورسل اسٹوڈیوز کے مشہور “کورٹ ہاؤس اسکوائر” میں منعقد ہوں گے، جو ہالی ووڈ کی مشہور فلموں Back to the Future اور To Kill a Mockingbird میں بھی نظر آ یا ہے۔
ٹراٸی تھلون (Triathlon) کو لانگ بیچ سے منتقل کر کے وینس بیچ پر لے جایا گیا ہے، جو نہ صرف اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا بلکہ مرد و خواتین میراتھن اور سڑک پر ہونے والی سائیکلنگ ریسز کا آغاز بھی یہیں سے ہوگا۔
سر فنگ مقابلے سین کلیمینٹے کے “ٹریسلز بیچ” پر ہوں گے، جو اپنی مستحکم لہروں کے باعث سر فنگ کے شوقین افراد میں خاصا مقبول مقام ہے۔
بیس بال کی واپسی بھی متوقع ہے، جو کہ مشہور “ڈوڈجر اسٹیڈیم” میں کھیلا جائے گا ، یہ وہی اسٹیڈیم ہے جو 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں بھی استعمال ہوا تھا اور جو لاس اینجلس ڈوجرز کا ہوم گراؤنڈ بھی ہے۔