مظفرآباد : تجزیہ کار عبدالمنان سیف اللہ نے کشمیر ڈیجیٹل کے ایک پروگرام میں کہا ہے کہ سیکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد کشمیر میں “رینجر فورس” بنانا ضروری ہے۔
عبدالمنان سیف اللہ کا کہنا تھا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں یہاں سے محبت اور بھائی چارے کا پیغام دینا ہے اور رینجر فورس کے خلاف غلط پروپیگنڈا پھیلانا غیر منطقی سی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، انہی خبروں پر تبصرے کر کے بیانیہ تشکیل دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسان لفظوں میں رینجرز پولیس کا ایک اپڈیٹڈ ورژن یا نیم فوجی دستہ ہوتا ہے، جس کا کام علاقے میں دہشت گردی کا خاتمہ اور سیکیورٹی حالات کو متوازن رکھنا ہوتا ہے۔
کل وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے ایک پروگرام میں واضح طور پر بتایا کہ رینجرز یہیں کے لوگوں پر مشتمل ہو گی۔ آج کل رینجرز کے حوالے سے فیک نیوز پھیل رہی ہےاورعوامی ایکشن کمیٹی بھی اس کی مخالفت کر رہی ہے، ابھی دیکھنے کی بات ہے، ابھی پوری بات سامنے نہیں آئی ہے۔ ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے, آزاد کشمیر میں ایسے حالات نہ بنیں اس لیے رینجرز کا قیام یہاں ضروری ہو گیا ہے۔